Sunday, January 27, 2019

ناندورہ میں رشید قاسمی اور عزیز خان عزیز کے لیے اعزازی نشست ...... فکشن اسوسی ایشن ناندورہ ۔ فین ۔ محمد علیم اسماعیل


ناندورہ میں رشید قاسمی اور عزیز خان عزیز کے لیےاعزازی نشست



ناندورہ 27 جنوری : فکشن ایسوسی ایشن اور ادارہ ادب اسلامی ناندورہ کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر ایک اعزازی شعری و نثری نشست کا انعقاد نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آیا۔  ظہیر عالم نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا جبکہ علیم اسماعیل نے تقریب کے اغراض و مقاصد پیش کیے۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی تشریف جاوید انصاری نے مہمانان کے تعارف کے ساتھ ہی صاحب اعزاز رشید قاسمی کا تفصیلی تعارف بھی پیش کیا۔ علاوہ ازیں متین طالب نے دوسرے صاحب اعزاز عزیز خان عزیز کے فن اور شخصیت کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔ پروگرام میں ایڈوکیٹ متین طالب کو بھی اعزازی سند سے نوازا گیا۔ یہ جلسہ دو سیشن پر مشتمل رہا۔ نثری دور میں عظیم خان، شیخ ظہیر، اشفاق انصاری، علیم اسماعیل اور وسیم عقیل شاہ جیسے نوجوان قلمکاروں نے اپنی افسانوی تخلیقات سے سامعین کو محظوظ کیا۔ صاحب اعزاز رشید قاسمی نے اپنے ادبی سفر کی مختصراً روداد پیش کرتے ہوئے اپنی شاہکار تخلیقات سامعین کے روبرو پیش کیں۔ بعد ازاں شکیل حسرت نے شمع روشن کر کے شعری دور کا آغاز کیا۔ شعری سیکشن میں خود شکیل حسرت،  سید اسماعیل گوہر، قیوم اثر ،ارشد گوندناپوری، عزیز ملکا پوری ،متین طالب، ندیم مرزا، اظہر عاطف ، نفیس احمد نفیس، راحیل انجم اور وسیم زاہد جیسے شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کا دل جیتا۔ اس ادبی تقریب کے دونوں ہی سیشن کی صدارت فرما رہے سید اسماعیل گوہر نے اپنے خطبہ صدارت میں ادب کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی اور عصر حاضر کے ادبی تقاضوں کو وا کیا۔ اس تقریب کی نظامت معروف نظام مشاعرہ ہارون عثمانی اور راحیل انجم نے مشترکہ طور پر انجام دی جبکہ رسم شکریہ علیم اسماعیل نے پیش کی۔ اس تقریب میں علاقہ ناندورہ کے ادب دوست حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے اپنی ادبی بیداری کا ثبوت دیا۔
































No comments:

Post a Comment