Tuesday, August 21, 2018

تعزیتی کلام

28اپریل 2018کو  رمضان بھائی کی وفات پر خراجِ عقیدت

راہِ حق پر گامزن سچ کے علمبردار تھے
صاحبِ ایمان تھےوہ صاحبِ کردار تھے
ہر خوشی اُن کو میسرتھی مگر بیمار تھے
آخری ایام میں وہ درپہءِ آزارتھے
پھول سے بھی نرم دل رکھتے تھے وہ لیکن کبھی
ضد پہ آجائے اگر کوئی تو پھر تلوار تھے
موت ہی سے لڑرہے تھے وہ فقط ایسا نہیں
لمحہ لمحہ زیست سے بھی برسرِ پیکار تھے
یہ حقیقت ہے گرفتارِ انا تھے وہ مگر
حق پرستوں کے لئے اک آہنی دیوار تھے
یوں تو تھیں رمضان بھائی میں بہت سی خوبیاں
صاف گوئی میں وہ لیکن مطلعِ انوار تھے
حق پرستی کا یہ عالم تھا کہ وہ ناظمؔ میاں
پتھروں کے شہر میں بھی آئینہ بردار تھے

قدرت ناظم ناندورہ

No comments:

Post a Comment